ممبئی 31 مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) مہاراشٹر کے پال گھر لوک سبھا سیٹ گنوانے کے بعدادھو ٹھاکرے نے بی جے پی پر جم کر نشانہ لگایا۔ شیوسینا نے الیکشن کمیشن سے پال گھر میں رزلٹ روکنے کی مانگ بھی کی ۔ شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کے گھر ہوئی میٹنگ کے بعد شیوسینا نے الیکشن کمیشن سے ووٹنگ پیٹرن میں رکاوٹ کی شکایت کی تھی۔ اگرچہ الیکشن کمیشن نے شیوسینا کے اعتراض کو مسترد کر دیا ۔ شیوسینا کا کہنا تھا کہ 20 ویں راؤنڈ کے بعد ووٹ نہیں بڑ ھے اس کے بعد شیوسینا نے ادھو ٹھاکرے کے گھر پریس کانفرنس کیا۔ شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے پریس کانفرنس میں بی جے پی پر جم کر حملہ بولا ۔ ادھو نے کہا کہ بی جے پی کو اب دوست کی ضرورت نہیں ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ 2014 میں جب بی جے پی کی حکومت آئی تھی، تو لوگوں کو لگا تھا کہ یہ حکومت 25 سال تک جاری رہے گی، لیکن گزشتہ چار سال میں بی جے پی نے کئی مقامات پر اپنی اکثریت گنوادی ہے ۔انہوں نے بی جے پی کے اسٹار پرچارک اور یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو بھی نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ اپنے گھر میں الیکشن ہار رہے ہیں اور یہاں (مہاراشٹر) پرچار کرنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے یوگی آدتیہ ناتھ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے یوگی جی کی مستی اتار دی ہے ۔